مالی سال 2011-12 کے دوران ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی وصولیوں کے ناقص نظام کے باعث توانائی کے شعبے کو 85 ارب روپے کا نقصان ہوا۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے مجموعی طور پر 652.688 ارب روپے کے بل جاری کئے جبکہ صرف 566.856 ارب روپے کے بل وصول ہوئے۔ یوں 85 ارب روپے کی وصولی نہ ہوسکی۔ وزارت پانی و بجلی کے اعدادوشمار کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں بل کی مالیت سے 25 ارب روپے کم وصولیاں ہوتی ہیں۔
کمپنیوں نے 79.594 ارب روپے کے بل تقسیم کئے لیکن 45.042 ارب روپے وصولی ہوئی۔ سندھ میں 24 ارب روپے، بلوچستان میں 22 ارب روپے جبکہ پنجاب میں بلوں کے مقابلے میں 14 ارب روپے کم وصولیاں کی گئیں۔ پنجاب میں 477.516 ارب روپے میں سے 463.350 ارب روپے وصولیاں کی گئیں۔