لاہور (جیوڈیسک)وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال ستمبر تک بہتر جبکہ دسبمر میں ختم ہو جائے گا، الیکشن وقت پر ہوں گے جبکہ ق لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی کے مطالبات کے مطابق آئندہ پیر سے نوکریاں اور ترقیاتی فنڈز شروع ہو جائیں گے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ارکین اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہی نے ثابت قدمی اور نیک نیتی سے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کا اتحاد مستقل ہے آئندہ عام انتخابات مل کر لڑیں گے ۔
وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملتان کے الیکشن نے ثابت کر دیا کہ اپوزیشن جماعتیں ملکر بھی حکومتی اتحاد کا مقابلہ نہیں کر سکتیں،انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں عوام مطمئین رہیں جمہوری حکومت اپنا عرصہ پورا کرے گی۔
وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بجلی کا شارٹ فال ستمبر تک بہتر جبکہ دسبمر میں ختم ہو جائے گا،وزیر اعظم سے لاہور ،قصور ،اوکاڑہ ،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے اضلاع کے عہدیدران اور اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔