اسٹیٹ بینک: (جیو ڈیسک) پاکستان میں برانچ لیس بینکنگ نیٹ ورک رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران سولہ فیصد اضافے کے ساتھ بائیس ہزار پانچ سوبارہ ایجنٹس تک پہنچ گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس کی تعداد اکتوبر۔ دسمبر دوہزار گیارہ کی سہ ماہی کے دوران اس سے پہلے کی سہ ماہی کے مقابلے میں 40 فیصد اضافے کے ساتھ 929,184 تک پہنچ گئی۔
مجموعی برانچ لیس بینکنگ ڈپازٹس زیر غور سہ ماہی کے دوران اس سے گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 169 فیصد اضافے کے ساتھ 503 ملین روپے تک پہنچ گئے۔ دوسری سہ ماہی کے دوران برانچ لیس بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد 30 فیصد اضافے کے ساتھ 20.6 ملین اور ان ٹرانزیکشنز کی مالیت 35 فیصد اضافے کے ساتھ 79,410 ملین روپے تک پہنچ گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق برانچ لیس بینکنگ ٹرانزیکشن کا اوسط حجم 3,855 روپے رہا جس سے پتہ چلتا ہے کہ موبائل فون ٹیکنالوجی اور ایجنٹ بیسڈ بینکنگ سے بینکاری سہولتوں سے محروم افراد تک مالیاتی خدمات پہنچانے میں مدد مل رہی ہے۔ برانچ لیس بینکنگ کی سرگرمیوں میں بلوں کی ادائیگی اوردیگر سرگرمی کی مجموعی تعداد میں حصہ 53 فیصد تھا۔