واشنگٹن(جیوڈیسک)امریکی صدر براک اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن نے دوسری مدت کیلئے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔صدر براک اوباما کے حلف اٹھانے کی تقریب وائٹ ہاوس میں ہوئی جس میں صدر اوباما کے اہل خانہ اور قریبی عزیزوں نے شرکت کی۔
امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے صدر اوباما سے حلف لیا۔ اس سے پہلے امریکا کے نائب صدر جوبائیڈن نے بھی مزید چار سال کیلئے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب ان کی رہائش گاہ پر ہوئی جبکہ سپریم کورٹ کے ایک جج نے ان سے حلف لیا۔ امریکی آئین کے مطابق صدر بیس جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھاتا ہے۔ اتوار کو چھٹی کے باعث حلف برداری کی نجی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
پیر کو حلف برداری کی تقریب دوبارہ منعقد کی جائے گی جسے ہزاروں لوگ دیکھ سکیں گے۔