برسبین (جیوڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے افتتاحی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 490 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی بلے بازوں نے 72 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری ادھوری اننگز شروع کی۔
نائب کپتان اظہر علی اپنی چوبیسویں ففٹی مکمل کر کے بھی پِچ اور کینگروز کی پلاننگ کو مکمل طور پر سمجھ نہ سکے اور 71 رنز پر وکٹ دے بیٹھے۔
اس کے بعد کپتان مصباح الحق بھی 5 رنز پر بے جان ہو گئے۔ یونس خان نے ٹیسٹ کریئر کی بتیسویں نصف سنچری مکمل کی تو لگا کہ ٹیم کو بحران سے نکال لیں گے لیکن 65 کے انفرادی سکور پر بچگانہ شارٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی 24 رنز پر دھوکہ دے گئے۔
محمد عامر سے امید نہ ہونے کے باوجود انہوں نے وکٹ پر کچھ قدم جمائے اور 48 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ دوسری طرف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسد شفیق نے کیرئیر کی دسویں سنچری مکمل کی اور نمبر چھ پر کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ گیری سوبرز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 8 وکٹ پر 382 رنز بنا لیے ہیں۔ جیت کے لیے کینگروز 2 وکٹوں جبکہ شاہین 108 رنز کی دوری پر ہیں۔ اس وقت اسد شفیق 100 اور یاسر شاہ 4 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔