برطانیہ : (جیو ڈیسک) لارنس آف عربیہ اور اس جیسی کلاسیکل فلموں میں اہم کردار ادا کرنے والے معروف برطانوی اداکار پیٹراو ٹولے نے فلم اور اسٹیج سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ گذشتہ روزجاری ہونیوالے اپنے ایک بیان میں اوٹولے کا کہنا تھا کہ یہ وقت اب میرے آرام کرنے کا ہے اسی لیے فلموں اور اسٹیج سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
آٹھ مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد اناسی سالہ معروف برطانوی اداکار پیٹر اوٹولے کا کہنا تھا کہ طویل فلمی کیریئر کے دوران مجھے عوام کی جانب سے محبت، پذیرائی، پرسکون زندگی اور بہترین لوگوں کے ساتھ جذباتی تعلق جیسے تحفے ملے، اوٹولے کو ان کی فلم وینس میں بہترین اداکاری پر دو ہزار چھ میں آسکر ایوارڈ کے بہترین اداکار کی کٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا، گو کہ اوٹولے کوئی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہے تاہم انہیں دو ہزار تین میں اداکاری کے شعبے میں ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اوٹولے ریٹائرمنٹ کے بعد اب اپنی یاداشت پر مبنی کتاب کا تیسرا ایڈیشن مرتب کرنے میں اپنا وقت صرف کرینگے۔