امریکی میگزین وینٹی فیئر کے مطابق دنیا بھر کی خواتین کیٹ میڈلٹن کے منفرد ملبوسات اور خوش لباسی کو سراہنے کیساتھ ساتھ ان کی پیروی بھی کرتی ہیں۔دنیا بھر کی خواتین فیشن کے معاملے میں شہزادی کے نقش قدم پر چلنا پسند کرتی ہیں اور ان کا متعارف کرایا گیا انداز راتوں رات مقبولیت اختیارکرلیتا ہے۔ شادی کے دوسال بعد بھی شہزادی میڈلٹن اپنے خوبصورت پہناوں کے باعث عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی نویلی دلہن کے ملبوسات کا خرچ ان کے شوہر شہزادہ ولیم کے بجائے سسر شہزادہ چارلس برداشت کرتے ہیں۔ شہزادہ ولیم برطانوی فضائیہ کے ملازم ہیں اوران کی تنخواہ اتنی نہیں کہ ہر وقت اپنی اہلیہ کو نت نئے ملبوسات لے کر دیتے رہیں۔ سسر کے خرچ پر ہی سہی شہزادی کیٹ اس بات پر بیحد خوش ہیں کہ انہیں دنیا کی خوش لباس ترین خاتون قرار دے دیا گیا ہے۔