ارجنٹائن : (جیو ڈیسک) ارجنٹائن کی صدر کرسٹینا فرنانڈز نے اقوام متحدہ میں کہا ہے کہ فاکلینڈ جزیرے پر برطانیہ ہمارا حق تسلیم کرے اور عالمی دنیا اس مسئلے کے حل میں مدد کرے۔
وہ اقوام متحدہ کی کالونیل ازم ختم کرنے کی کمیٹی سے مخاطب تھیں،ارجنٹائن کی صدر کرسٹینا فرنانڈز کا کہنا تھا کہ فاکلینڈ ارجنٹائن کا جزیرہ ہے اور اسے کسی صورت برطانیہ کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔
فاکلینڈ کی تیسویں سالگرہ کے اسپیشل سیشن کے موقع پر کرسٹینا کا کہنا تھا حقیقت میں فاکلینڈ پر اب تک برطانیہ قابض ہے اور اس جزیرے کو اپنا حصہ سمجھتا ہے جبکہ حقائق اس کے بر عکس ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ فاکلینڈ کو برطانیہ کا حصہ سمجھتی ہے مگر ارجنٹائن ایسا نہیں سوچ سکتا۔ ارجنٹائن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ فاکلینڈ کو ہتھیاروں کے ذریعے حاصل کرنا چاہتا ہے مگر برطانیہ فاکلینڈ کو کسی صورت ہتھیا نہیں سکتا۔