برطانیہ : (جیو ڈیسک) فسادات اور لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف مقدمات کی سماعت شروع ہو گئی ۔ برمنگھم میں کار کے ذریعے تین پاکستانیوں کو ہلاک کرنے کی فوٹیج عدالت میں دکھائی گئی۔
برطانوی ٹی وی کے مطابق گزشتہ سال اگست میں لندن پولیس کی شہریوں کے ساتھ زیادتی کے خلاف لندن اور دیگر علاقوں میں شروع ہونے والا احتجاج فسادات میں بدل گیا۔ لوگوں نے لوٹ مار کے ساتھ نسلی بنیادوں پر ایشیائی نژاد اور دیگر ملکوں کے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ برطانوی عدالت میں فسادات اور لوٹ مار کے دوران ہلاکتوں کے ذمہ دار آٹھ ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
وکیل استغاثہ نے جیوری کو بتایا کہ گزشتہ سال دس اگست کو یہ آٹھ ملزمان تین کاروں میں سوار تھے۔ مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی اور سیاہ رنگ کی تیسری کار نے برمنگھم میں تین پاکستانیوں بیس سالہ ہاروں، اکتیس اور تیس سالہ بھائی شہزاد علی اور مصور کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔ وکیل استغاثہ کے مطابق یہ محض حادثہ نہیں تھا۔ بلکہ جان بوجھ کر پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو ہلاک کیا گیا۔