یانگون : (جیو ڈیسک) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے برما کے صدر اور حزبِ اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی سے کہا ہے کہ وہ تبدیلی لانے کے لیے مل کر کام کریں۔ بان کی مون نے برما کی پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ تبدیلی کے اس راستے سے واپسی تقریبا ناممکن ہے، انہوں نے دونوں رہنماوں کے حوصلے اور دانشمندی کو سراہا۔بان کی مون نے کہا برما ترقی اور مفاہمت کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتا ہے تاہم اسے پورے عزم اور مشترکہ قیادت سے ان چیلنجوں پر قابو پانا ہوگا۔
انہوں نے برما میں سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ پائیدار تبدیلی لانے کے لیے اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر قوم کے بہتر مفاد میں سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں۔ بان کی مون نے برما کے صدر تھین سین سے ملاقات کی اور اب وہ حزبِ اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی سے بھی ملاقات کریں گے۔