اسلام آباد: بزدل دہشتگردوں نے آج پھر ریاست پر وار کیا ہے دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے لورالائی کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے دہشت گردوں کی سیاسی ،معاشی طاقت اور مذہبی جنونیت کو ختم کرنا ہو گا۔سکیورٹی فورسسز کی شہادت پر جہاں ہمیں فخر ہے وہاں ہر پاکستانی کا دل رنجیدہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہورمیں عمائدین اور کارکنان سے خطاب میں کیا۔انہوں نے لورالائی میں سکیورٹی فورسز پر طالبان درندوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دیرپا امن اور ملکی سلامتی واستحکام کے لیے طالبان اور طالبان مائینڈ سیٹ کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
وزیرستان کے طالبان سے زیادہ ملک کو پارلیمنٹ میں بیٹھے طالبان مائنڈ سیٹ سے خطرہ ہے ۔ہم بارہا اعلان کر تے رہے کہ طالبان اور اسکے حامی پاکستان کو ایک دلدل کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ لیکن افسوس ریاستی اداروں اور حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ آج حکمران اعتراف جرم کر رہے ہیں کہ ہم نے ان شیطانوں سے مذاکرات کی بڑی غلطی کی ۔در اصل مذاکرات کا بہانہ بنا کر پاکستانیوں کا قتل عام کیا گیا۔اور ا س سازش میں طالبان مائنڈ سیٹ کا بڑا کردار ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج ہمارے وزیر داخلہ تذبذب کا شکار ہے دس فیصد دہشت گرد مدارس کا اعتراف قوم کے سامنے کرنے کے باوجود انہی مدار س کو یقین دہانی کروارہا ہے کہ ہم آپ کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کر رہے ۔پاکستان کو دہشت گردی اور مٹھی بھر دہشت گرد گروہ سے نجات دلانے کے لیے نڈر قیادت کی ضرورت ہے ہمارے حکمران دہشت گرد وں کے سیاسی اتحادیوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں اور ان حکمرانوں کی قیادت میں دہشت گردوں کو شکست دینا ممکن نظرنہیں آرہا۔