ریاض: (جیو ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے شام کے صدر بشار الاسد پر الزام لگایا ہے کہ وہ وقت حاصل کرنے کے لئے بہانے بازی کر رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مون کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ بحیرہ احمر کے شہر جدہ میں شہزاد سعود نے صحافیوں کو بتایا کہ ہر اقدام کو شامی حکومت نے قبول کیا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ یہ طریقہ اس لئے استعمال کیا گیا ہے تاکہ حکومت وقت لے سکے۔ انہوں نے اسد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ وقت کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور بہانے بازی کررہے ہیں۔