جعفر آباد (جیوڈیسک) بلوچستان اورپنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی تو کم ہو گیا، لیکن متاثرین کی مشکلات برقرار ہیں۔ کہیں پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں تو کہیں لوگوں کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ جعفر آباد اور نصیر آباد کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین اب تک کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔ آلودہ پانی پینے کی وجہ سے خصوصا بچوں میں پیٹ کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
متاثرین کو خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے علاقوں درخواست جمال، غربی ون اور غربی ٹو میں اب بھی تین فٹ تک پانی کھڑا ہے جس سے کچے مکانات گرنا شروع ہو گئے اور پکے گھروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ میں ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں لیکن متاثرین کی بڑی تعداد حکومتی امداد سے محروم ہے۔ نارووال اور پسرور کے متاثرہ علاقوں میں پانی کم ہو گیا ہے اور دو روز سے بند نارووال پسرور روڈ پر ٹریفک بھی بحال ہو گیا ہے۔