کوئٹہ : (جیو ڈیسک) محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایف سی اور پولیس کی کارکردگی کو شرمناک حد تک مایوس کن قرار دے دیا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے اٹھارہ فروری کو آئی جی بلوچستان اور ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور کے نام خط لکھا۔ جس میں ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی کارکردگی پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے خط کے مطابق سولہ اور سترہ فروری کی درمیانی شب سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے کمشنر کوئٹہ، ڈی آئی جی انویسٹیگیشن اور ایس پی قائد آباد کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا تھا۔
اعلی سطح کی ٹیم کو انتہائی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب تین گھنٹے کے دورے کے دوران ایف سی یا پولیس اہلکاروں نے کسی ناکے پر یا کسی بھی گاڑی کی تلاشی نہیں لی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق کوئٹہ میں پولیس کی مدد کیلئے ایف سی کی گیارہ پلاٹون تعینات ہیں۔ جن پر صوبائی حکومت کا ماہانہ ایک کروڑ روپے خرچ آتا ہے۔ خط میں موجودہ حالات کے تناظر میں ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی کاکردگی انتہائی شرمناک قرار دیا گیا ہے۔