بلوچستان(جیویسک)بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں نہر میں شگاف سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔
نصیرآباد میں کئی روز کی بارش سے متعدد کچے مکانات گر گئے۔ پٹ فیڈر کینال میں پچاس فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی آبادی کی طرف بڑھنے لگا۔متاثرین نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ گگھی ڈیم میں شگاف سے بڑا سیلابی ریلا ڈیرہ مرادجمالی کے قریب پہنچ گیا ۔سیلابی ریلے نے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تباہ کر دیا ہے۔ ابھی تک حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع نہ ہوسکیں ۔متاثرین بے یار و مددگارکھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔
سیلابی ریلے نے سندھ بلوچستان قومی شاہرہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں ۔ڈیرہ مرادجمالی کا کوئٹہ سمیت بالائی علاقوں میں جانے کا واحد راستہ بند ہوگیا ہے۔ علاقے میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔سبی میں کئی روز کے بعد بارش تھم گئی تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔ریسکیو ٹیمیں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ لمجی کے قریب ندی کا بند بند ٹوٹنے سے پانچ دیہات زیر آب آگئے۔