اسلام آباد: (جیو ڈیسک) بلوچستان سے بازیاب کرائے گئے 3افراد سپریم کورٹ میں پیش کر دیئے گئے۔ عدالت نے تینوں افراد کو گرفتار نہ کرنے اور بحفاظت گھر پہنچانے کا حکم دیدیا۔عدالت نے بلوچستان بدامنی کیس اور بختیارڈومکی اہخانہ کیس کی سماعت تیس اپریل تک ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت ہوئی۔ بلوچستان سے بازیاب 3افراد کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کا بیان مسترد کردیا اور چار لاپتہ افراد پیش نہ کرنے پرآئی جی بلوچستان، ایس پی اور متعلقہ تھانے کے سی ایچ او کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے کہا بلوچستان میں آگ لگی ہے۔ پولیس والے جھوٹ بولتے ہیں۔ لاپتہ افراد کہاں ہیں عدالت سے حقائق چھپائے جاتے ہیں، قانون کا تماشہ بنایا ہوا ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا اداروں کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جانی چاہیئے نہ کہ کمزور کرنے کی۔چیف جسٹس نے ن لیگ کے وکیل کو دلائل سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور جواب پر اپنے لیڈر کے دستخط کراکر دوبارہ جمع کرائیں۔