بلوچستان میں بارش سے موسم خوشگوار

rain

rain

پاکستان : (جیو ڈیسک) کوئٹہ، چمن سمیت بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ چنیوٹ میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔ حیدرآباد،عمرکوٹ، بدین، دادو اور سانگھڑ میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

بلوچستان، سبی، چمن ، قلعہ عبداللہ ،گلستان، دوبندی ، مئیزئی اڈا میں آج صبح شروع ہونے والی تیز بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گندا پانی سڑک پر جمع ہو گیا ہے۔

چنیوٹ میں تیز بارش اور ژالہ باری سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا وہیں فصلوں کو نقصان پہنچا۔ بھوانہ اور دیگرنواحی علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری کاسلسلہ پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ اولے پڑنے سے گندم اور سبزیوں کی فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔

سندھ کے ساحلی علاقوں میں گذشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد مطلع ابرآلود ہے۔ کراچی میں جمعرات کو برسات سے موسم قدرے بہتر ہوا۔ بارش کا لطف اٹھانے شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل کا رخ کیا۔

محکمہ موسمیات نے چوبیس گھنٹے کے دوران شمال مشرقی بلوچستان، پنجاب ،خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر تیز ہوا اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش پارا چنار اور کوئٹہ میں اٹھائیس، ڈیرہ اسماعیل خان، سبی میں گیارہ، مری، میانوالی اور پشاور میں آٹھ ملی میٹر ریکار ڈ کی گئی۔