بلوچستان کے طلبہ کو ان کے حقوق دئے جائیں۔ سید عبد الرشید
Posted on December 9, 2011 By Geo Urdu گجرات
ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید عبد الرشید نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلبہ کو ان کے حقوق دئے جائیں ۔ صوبے بھر میں تعلیم کی سہولیات دی جائیں ۔ مزید یونیورسٹیاں اور کالجز قائم کئے جائیں، تاکہ وہاں کے عوام کے اندر موجوداحساس محرومی کا خاتمہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ، لورالائی اور گودار میں جمعیت کے زیر اہتمام فری کوچنگ سینٹرز کے افتتاح کے موقع پر طلبہ اور عمائدین سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے استحصالی نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ صوبے کے تعلیمی اداروں کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔ تعلیمی سہولیات کا فقدان ہے۔ جس کی ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومت ہے۔ ملک کے نصاب تعلیم کو نظریہ پاکستان کے ہم آہنگ کیا جائے ۔ تعلیم کو تجربات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ یکساں نصاب تعلیم اور یکساں نظام تعلیم ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ سید عبد الرشید نے مزید کہا کہ طلبہ حقوق کی جد و جہد کو جاری رکھا جائے گا۔
ایچ ون ٹیچ ٹین کے تحت کارکنان جمعیت ملک بھر میں کو چنگ سینٹرز چلا رہے ہیں جس سے طلبہ کو بہتر نتائج حاصل کرنے میں معاونت ملے گی۔طلبہ” امید بنو تعمیر کرو سب مل کر پاکستان کی ”کے نعرے کے تحت ملک کی تعمیر اور ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں مگر سیاست دانوں کی چالبازیوں ، رشوت ، سفارچی کلچر اور میرٹ کی پامالی انہیں آگے بڑھنے میں رکاوٹ ڈالنے کا باعث بن رہی ہیں۔ مگر اب پاکستان کا نوجوان بیدار ہو چکا ہے۔