بنوں جیل واقعہ کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر

Banu

Banu

بنوں : (جیو ڈیسک) بنوں جیل واقعہ کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر دی گئی ہے، جس میں سابق رکن قومی اسمبلی، صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور سپریٹنڈنٹ جیل کو ذمہ دارٹہرایا گیا ہے۔ رٹ پشاور ہائی کورٹ میں صحافی شاہد اورکزئی کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ابراہیم پراچہ، صوبائی وزیر جیل خانہ جات میاں نثار گل اور جیل سپریٹنڈنٹ بنوں کو فریق بنایا ہے۔

درخواست گزار نے تینوں شخصیات کوذمہ دار ٹہراتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ جیل پر حملہ کا منصوبہ درخواست گزار کے بھائی میجر خالد سعید کے قاتل بہادر خان کو چھڑانے کے لئے بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار نے رٹ کے ہمراہ دو اہم دستاویزات بھی منسلک کی ہیں جس میں آئی جی جیل خانہ جات کی طرف سے سپریٹنڈنٹ جیل کو دس قیدیوں کے بارے میں پہلے سے لکھا گیا کہ انہیں بنوں جیل سے کرک جیل منتقل کیا جائے جس میں بہادر خان بھی شامل تھا۔