اسلام آباد: (جیو ڈیسک) بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان پنجاب حکومت کے بیانات کی وجہ سے ملتوی ہوا۔ یہ کہنا ہے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا جنھوں نے بتایا کہ اسطرح کے بیانات سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا پہلا اقدام پورا نہ ہو سکا۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے بتایا کہ انکی چھ ماہ کی محنت کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم دورہ پاکستان کیلئے تیار ہوگئی تھی لیکن تمام تر کوششوں پر پانی پھیر دیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی آمد پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا لیکن پنجاب حکومت کے بیانات کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہوگئی۔
انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ سے ملاقات میں کئی باتیں سامنے آئیں۔ صوبائی حکومت کی وجہ سے مصطفی کمال کو پاکستانی ایجنٹ قرار دیا گیا جبکہ بنگلہ دیشی عوام بھی سڑکوں پر آگئی تھی۔
چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کہ واپسی ہوگی اور شائقین کرکٹ رواں سال پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کو ایکشن میں دیکھیں گے۔