لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بون کانفرنس کے بائیکاٹ کو عوامی امنگو ں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کو نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، نیٹو سے تعلقات پر نظر ثانی اور کشمیر اور ایٹمی پروگر ام پر قومی پالیسی تشکیل دی جارہی ہے ۔ اسٹیٹ گیسٹ لاہور میں پرنٹ میڈیا سے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے بون کانفرنس میں شرکت سے پہلے کوئی فائدہ ہوا نہ اب کوئی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے فیصلے کے لئے پاکستان امن کے لئے شامل ہوتا رہا ہے لیکن افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور ایٹمی پروگرام سمیت امریکہ، نیٹو ، ایساف سے تعلقات پر نظر ثانی کے لئے وزارت دفاع قومی پالیسی تشکیل دے رہی ہے جسے پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائے گا۔