کھاریاں میں ریلوے کی بوگی سے کروڑوں روپے کا تانبا چوری کرنے کے الزام میں پاک فوج کے میجر ایوب کو گرفتار کر لیا گیا ۔ آئی ایس پی آر نے گرفتاری کی تصدیق کر دی۔ چار اگست کو رائے ونڈ سے بھاری مالیت کا چار ہزار کلو تانبا مال گاڑی کے ڈبے میں لوڈ کیا گیا، جسے مغل پورہ لاہور کے اسٹور میں پہنچایا جانا تھا۔بارہ اگست کو لاہور ریلوے اسٹیشن سے یہ بوگی چوری ہوئی اور پندرہ اگست کو کھاریاں پہنچی۔ چھ ستمبر کو ریلوے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ سات ستمبر کو بوگی کھاریاں سے برآمد کر لی گئی۔اس حوالے سے ریلوے پولیس نے کھاریاں کے اسٹیشن ماسٹر محمد زمان اور گڈز بکنک کلرک محمد عدنان کو حراست میں لیا گیا اور ان کی نشاندہی پر دیگر تین ملزموں کو بھی گرفتارکیا گیا گیا۔ اس حوالے سے تازہ پیش رفت یہ ہے کہ آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ پاک فوج کے میجر ایوب کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے اور اگر ان پر الزام ثابت ہوتا ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔