بپاشا باسو کی نئی دہلی فیشن ویک میں شرکت

bipasha basu

bipasha basu

بھارتی شہر نئی دہلی میں فیشن ویک ہوا۔ اس شومیں تیکھے نینوں والی بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو روایتی مشرقی رنگ میں نظرآئیں۔ نئی دہلی کی چمکتی شام نے جیسے ہی رات سے آنکھ ملائی ستاروں کی نیندیں اڑگئی اور پھر سارے تارے جمع ہوئے لائف اسٹائل فیشن ویک میں دھیمے دھیمے قدموں سے چلتی نازک اندام حسینائیں عروسی لباس میں ریمپ پر آئیں تو ایسا لگا جیسے آسمان سے سنہری پریاں اترآئیں۔

کسی نے چمکدار شرارہ زیب تن کیا تو کوئی سرخ غرارے میں اترآئی، کوئی روایتی بھارتی ساڑھی میں سر اٹھائے آئی تو کوئی سج سنور کر شرمائی مختلف قسم کے دیدہ زیب روایتی عروسی ملبوسات کے ساتھ دولہوں کیلیئے کوئی کم چوائس نہ تھی اور انہیں نفیس اور خوبصورت رنگوں سے سجی شیروانیاں دیکھنے کو ملی قوس و فزح کے رنگوں سے سجی اس محفل میں رنگ اس وقت جما جب بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو روایتی انڈین سرخ شرارے میں شیروانی پہنے دولہا بنے اداکار مدھوان کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔

چوڑی دار پاجامے اور فراک پہنے ماڈل نے انارکلی کے دور کی یاد تازہ کردی مگر ان روایتی ملبوسات میں جدت شامل ہوئی تو نیا انداز سامنے آیا۔ گھیردارفراکس میں لہراتی آنچل سنبھالتی ماڈلز نے فیشن شومیں چار چاند لگا دیئے۔ روایتی رنگوں سے سجء فیشن شو کا اچانک ہی سماں بدلا اور آگئیں جدید دورکی مغربی ماڈلز جنھوں نے سروں پر ہیٹ اور پارٹی اسٹائل کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ ان کی چال ڈھال نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی کہیں مغربی رنگ نمایاں تھا تو کہیں مشرق کا زور رہا۔ مختلف انداز کے ملبوسات، بالی ووڈ ستاروں کی چکا چوند اور روشنیوں سے بھرا فیشن ویک کا چوتھا دن کافی رنگین تھا۔