بچوں میں زیادہ تر بیماریاں پھیلانے والے جراثیم کی روک تھام کے لیے ہاتھ دھونے کی عادت کو پختہ کرنا ہو گا :ایم اے تبسم

لاہور: ہاتھ نہ دھونے سے پھیلنے والی بیماریوں کو ذرا سی احتیاط سے روکا جا سکتا ہے۔ بچوں میں زیادہ تر بیماریاں پھیلانے والے جراثیم کی روک تھام کے لیے ہاتھ دھونے کی عادت کو پختہ کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارکالمسٹ کونسل آف پاکستان ”سی سی پی” کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور بڑوں میں پھیلنے والے وبائی امراض مثلاً پیٹ کے امراض، نزلہ ، زکام ، کھانسی اور بخار ہاتھ نہ دھونے کی وجہ سے ہی پھیلتے ہیں۔ یہ بیماریاں زیادہ تر بچوں میں قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے پھیلتی ہیں اور بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہیں۔ ان امراض سے بچنے کے لیے گھر کے ہر فرد کو ہاتھ دھونے کی عادت کو اپنانا ہو گا۔

خصوصاً کھانا کھانے سے پہلے اور بعد اور واش روم سے آنے کے بعد لازمی طور پرصابن سے ہاتھ دھونے چاہئیں۔اس موقع پر سینئرنائب صدرعقیل خان،نائب صدرامتیازعلی شاکر،جنرل سیکرٹری فیصل اظفرعلوی و دیگر نے کہا کہ ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہاتھ دھونے اور صفائی ستھرائی کی سنت کو اپنانا ہو گاتاکہ وبائی امراض سے بچا جا سکے اور صحت مند قوم کی تشکیل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں ہر پانچواں بچہ صابن سے ہاتھ نہ دھونے کی وجہ سے نزلہ زکام اور پیٹ کی بیماریوں کا شکار ہے جس کے لیے حکومتی کوششوں کے باوجود مناسب سہولیات اور آگاہی عوام تک نہیں پہنچ رہی ہے۔