نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی انتخابات میں بالی وڈ کی چکاچوند بھی چھائی رہی مگر کس کی ادا اور کس کے وعدے انکی سیاسی پکچر کو ہٹ کروانے میں کامیاب رہے۔
نریندر مودی کا جھنڈا اٹھائے اداکارہ کرن کھیر چندی گڑہ میں اداکارہ گل پناگ کے خلاف الیکشن میں کھڑی ہوئیں، مگر تجربے اور خوبصورتی کے اس سیاسی مقابلے میں عام آدمی پارٹی کی اداکارہ گل پناگ ہار گئیں۔ کئی فلموں میں مکار سیاست دان کے روپ میں نظر آنے والے بی جے پی کے پاریش راول کی سیاسی اداکاری بھی بھارتی جنتا کو بھاگئی اور وہ احمد آباد سے سیٹ پکی کرنے میں کامیاب رہے۔
رنگ بدلتی اداکارہ راکھی ساونت کی سیاسی نوٹنکی انھیں صرف 15 ووٹ دلا سکی جو شاید ان کے سیومر کے امیدواروں نے ہی انھیں دئیے۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے اداکار راج ببر نے الیکشن سے قبل کہا تھا کہ 12 روپے میں ممبئی میں پیٹ بھر کر کھانا کھایا جا سکتا ہے لیکن انکا یہ تجربہ انتخابات میں انھیں لے ڈوبا۔ بھوج پوری اداکار منوج تیواری بی جے پی کے ٹکٹ پر دلی میں کامیاب رہے۔
بھارتی سیاست کا چہرہ دکھاتی فلم راج نیتی کے ہدایت کار اور پروڈیوسر پرکاش جھا ایک بار پھر پارلیمانی انتخابات میں ناکام ہوگئے ہیں، اب وہ اپنی نئی فلم راج نیتی 2 پر دھیان دیں گے۔
اداکارہ سناکشی سنہا کے والد اور ماضی کے اداکار شتروگھن سنہا ایک بار پھر بی جے پی کے لیے پٹنا میں سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔ ڈریم گرل ہما مالینی لوک سبھا میں ایک اور نشست دلانے میں کامیاب رہیں۔ سروں سے کھیلنے والے بپی لہری سیاست کا کھیل نا سمجھے اور ہار گئے۔