بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج کی سواں پترا چیک پوسٹ پر حملہ کردیا ۔ جس میں نائیک اسلم نے جام شہادت نوش کیا اور ایک جوان شدید زخمی ہوا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی پر بھارتی فوجی اسلحہ چھوڑ کر بھاگ گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح بھارتی فوج پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں فائرنگ کرتے ہوئے گھس آئی اور اس کے نتیجے میں دو فوجی شدید زخمی ہوئے ۔ پاک فوج نے فورا جوابی کاروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا، جس کے بعد بھارتی فوجی ایک گن اور خنجر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پاکستانی حکام نے اسلحہ قبضے میں لے لیا ۔ زخمیوں میں شامل نائیک اسلم اسپتال پہنچنے سے پہلے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آخری خبریں آنے تک دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا ۔ آزاد کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر واقعے حاجی پیر سیکٹر پر انیس سو پیسٹھ اور انیس سو اکہتر کی پاک بھارت جنگوں میں بھی گھمسان کی لڑائیاں ہوئیں تھیں ۔ ماضی میں بھی بارہا بھارتی فوج کی جانب سے اس سرحدی علاقے پر فائرنگ کر کے سرحدی حدود کی خلاف ورزی ہوتی رہی ہے۔