بھارتی ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا ہے، بھارت کے انکار کے بعد لاہور میں ہونے والا سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی ٹیم کا دورہ پاکستان سے انکار بھارتی حکومت کا یکطرفہ فیصلہ ہے، انڈین ہاکی ٹیم پاکستان آنے کے لئے تیار تھی لیکن دورے کی منسوخی کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے بھارتی فرمائش پر ان کی ٹیم کے لئے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم یوں محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت ابھی تک پاکستان کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لئے کھیلوں سے بڑا پلیٹ فارم کوئی نہیں ہوسکتا، اس سے قبل چین کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرکے یہ ثابت کیا تھا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔