بھارت (جیو ڈیسک)بھارت اور چین میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔ بھارتی ریاست آسام میں ہونے والی مون سون بارشوں اورسیلاب کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے اورسیع رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
بجلی اورمواصلات کا نظام معطل ہو گیا اورمعمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ سیلاب میں گھرے افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بارشوں اورسیلاب سے اب تک ایک سو نو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب چین مشرقی صوبے زیانگ زی میں طوفانی بارشوں سے دو ہزار سے زائد افراد بے گھرہو گئے ۔متعدد مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے اور سیلاب سے گھرے علاقوں کا ملک دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔