اسلام آبادمشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ بھارت سے گیس کی درآمد کا معاملہ آخری مرحلے میں ہے اور بھارتی کمپنی کا وفد 31 اگست کو پاکستان آئے گا۔ اسلام آباد میں بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ بھارت سے یومیہ 20 کروڑ مکعب فٹ گیس درآمد کی جائے گی اور اس کے لیے صرف 30 کلو میٹر لمبی پائپ لائن بچھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارتی گیس 6 ماہ میں درآمد ہوسکتی ہے یہ گیس ایل این جی کی صورت میں ممبئی آئے گی اور وہاں سے گیس کی شکل میں منتقل ہوکر پاکستان پہنچ سکے گی۔ بھارتی گیس لاہور اور مضافاتی علاقوں کی صنعتوں میں استعمال ہوسکتی ہے۔ بھارتی کمپنی گیل کا وفد 31 اگست کو پاکستان آئے گا۔ بھارتی کمپنی نے 14 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت کی پیش کش کی ہے اور گیس کی قیمت کم کرنے پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کویت کی کمپنی کو سمندر میں تیل اور گیس نکالنا چاہتی ہے ا ور اسے دو بلاک دیئے جا رہے ہیں، جس پر 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔