نئی دہلی (جیوڈیسک) نئی دہلی بھارت کی مرکزی حکومت نے ایک اہم فیصلے میں کہا ہے کہ خط غربت سے نیچے رہنے والے ہر ایک خاندان کو مفت موبائل فراہم کیا جائے گا۔اس منصوبے کو ہر ہاتھ میں فون کا نام دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پندرہ اگست یعنی بھارتی یوم آزادی پر وزیر اعظم منموہن سنگھ اس منصوبے کا اعلان کریں گے۔بھارتی اخبارات میں وزیر اعظم کے دفتر کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہر فون پر دو سو منٹ کا ٹاک ٹائم بھی مفت دیا جائے گا۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ غریبوں کی طاقت بڑھانے کی ایک بڑی کوشش ہے۔
جبکہ اپوزیشن اور سوشل میڈیا پر حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں جب غریب عوام کھانے پینے کی ضروری اشیا نہیں خرید پارہے تو عوام کو موبائل فراہم کرنے کا کیا مطلب ہے۔