بھارت نے جوہری میزائل اگنی فائیو کا تجربہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی فوج کے سربراہ وی کے سنگھ نے خطے میں جوہری جنگ کے خطرے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایٹمی ہتھیار پہلے استعمال نہیں کریگا۔ بھارتی میزائل اینڈ اسٹریٹجک سسٹمز کے چیف کنٹرولر اوی ناش چندر نے چندی گڑھ میں میڈیا کو بتایا کہ پانچ ہزار کلومیٹر تک ہدف پر مار کرنے والے میزائل کی آزمائش حتمی مراحل میں ہے۔ اوی ناش نے تجربے کی تاریخ نہیں بتائی تاہم کہاکہ تجربہ جلد کیا جائے گا۔ اس سے پہلے بھارتی فوج کے سربراہ وی کے سنگھ نے دارلحکومت نئی دہلی میں آرمی ڈے پریڈ کے موقع پر پاکستان اور چین کی جانب سے جوہری ہتھیاروں میں اضافے کے سوال پر کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ جوہری ہتھیار جنگ میں استعمال کرنے کے لئے نہیں ہیں صرف اسٹرٹیجک اطمینان کے لئے ہیں۔