وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے پر عزم ہیں، تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے لائن آف کنٹرول پر بڑھتی کشیدگی نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر نئے سوالات اٹھا دیئے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرا ت میں ہی ہے۔ بارڈر کے دونوں اطراف کچھ لوگ ہیں جو تعلقات میں بہتری نہیں چاہتے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ بہتر تعلقات کے لئے پرعزم ہیں اور مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے۔ کونسل آن فارن ریلیشن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہم نے سیاسی خطرات کے باوجود بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت کسی ملک کو پاکستانی ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔
حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستا ن اور بھارت جنوبی ایشیا کے دو اہم ملک ہیں اور انھیں ذمہ دارانہ رویئے کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ حنا ربانی کھر نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمیں علاقائی تعاون درکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کا جو پیغام ہم بھارت کو دے رہے ہیں اس سے زیادہ اہم کچھ نہیں ہے۔ جو تجارتی رابطے موجودہ حکومت نے قائم کئے ہیں ایسے رابطے گزشتہ چالیس سال میں کسی پاکستانی حکومت نے نہیں کئے۔