وزیر خارجہ حنا ربانی کھرکا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے جنگجوانہ بیانات کے باوجود پاکستان کا رویہ مفاہمت کا ہے۔
نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے بھارت کے سیاستدانوں میں پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات دینے کا مقابلہ ہو رہا ہے، پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے ہر سطح پر بات چیت ہونا چاہئیے۔ لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھارت کے بیانات کو مایوس کن قرار دیا۔
پاکستان نے بھارت کے ساتھ امن کی بحالی کے لئے پچھلے چار سال میں بہت کوششیں اور اقدامات کئے ہیں اور بھارتی عوام کو امن کا پیغام دینے کے لئے بہت سے رسک لئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک امن کے عمل کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔