نئی دہلی: بھارت کے نئے سیکرٹری خارجہ رانجن متھائی نے چارج سنبھال لیا ہے رانجن متھائی کا کہنا ہیکہ پاکستان سے بحالی اعتماد اور تعلقات کے بہتری کی امید ہے ۔ نئی دہلی میں خارجہ سیکرٹری کا منصب سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانجن متھائی نے کہاکہ انہیں پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے اور وہ دن دونی اور رات چوگنی کرکے پڑوسی ملک سے تعلقات بہتر بنائینگے۔ پاکستان اور بھارت کے عوام کے روابط بڑھائے جائینگے اور تمام تفصیہ طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے اعتماد کی فضاقائم کی جائیگی۔ متھائی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ہم منصب سلمان بشیر سے ملکر پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کام کرینگے۔ تاہم بھارت کے قومی مفادات کو مد نظر رکھا جائیگا۔ متھائی عہدہ سنبھالنے سے پہلے فرانس میں بھارت کے سفیر تھے۔ رانجن متھائی نے انیس سو چوہتر میں بھارتی وزارت برائے خارجہ امور میں شمولیت کی اور وہ اسرائیل،قطر، بنگلادیش، سری لنکا اور دیگر ممالک میں بھی سفیر کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔