سندھ اسمبلی: (جیو ڈیسک) پرچی مافیا اور بھتہ وصولی کیخلاف ایم کیو ایم کی احتجاج کی کال پر کارکنوں کی بڑی تعداد سندھ اسمبلی کے باہر جمع ہو گئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی اور لندن میں ہنگامی اجلاس میں بھتہ خوری کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں مظاہروں اورسندھ اسمبلی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ اجلاس کے بعد بیان میں کہا گیا کہ ایم کیوایم کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جاگیر دار اور وڈیرے بھتہ خوروں کی حمایت کرنا چھوڑ دیں۔ جاگیر داروں کی ستائی ہوئی سندھی اکثریت ایم کیوایم کے ساتھ ہے۔ ایم کیو ایم آج سندھ اسمبلی میں بھتہ، پرچی مافیا کے خلاف احتجاج کرے گی اور کوئی بھی رکن اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے جاگیرداروں پر واضح کیا کہ وہ ہاری، کسان اور غلام نہیں ہیں۔ سندھ دھرتی میں امن ومحبت سے رہنا چاہتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ غریب ومتوسط طبقہ کے سندھی عوام ، مزدور ، ہاری ،کسانوں اور طلبا وطالبات کی اکثریت ایم کیوایم کے ساتھ ہے اورایم کیوایم سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ مل کر فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کی جدوجہدکرتی رہے گی ۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے ہمارے ہاتھ باندھ رکھے تھے اور ہمارا الطاف حسین سے مطالبہ ہے کہ وہ ہاتھ کھول دیں تاکہ ہم جاگیرداروں اوروڈیروں سے ان کی زبان میں بات کرسکیں۔