بھمبر برنالہ، بھمبر سماہنی کی سٹرکیں عوام علاقہ اور مسافروں کیلئے وبال جان بن گئیں
Posted on November 16, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھمبر برنالہ، بھمبر سماہنی کی سٹرکیں عوام علاقہ اور مسافروں کیلئے وبال جان بن گئیں سڑکوں پر سے اٹھنے والی دھول اور گرد و غبار نے لوگوں کو بے حال کر دیا متعدد لوگ سانس کی بیماریوں میں مبتلا ٹھیکیدار سٹرکوں پر خاکہ ڈال کر غائب عوام علاقہ اور مسافروں کا شدید احتجاج پانی کے چھڑکائو اور فوری طور پر سٹرکوں کی مرمت کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر سے برنالہ اور سماہنی جانے والی سٹرکوں کو کشادہ کرنے کیلئے ڈیڑھ سال قبل ٹھیکیداروں نے سڑکوں کو ادھیڑا تھا ٹھیکیداروں نے خاکی اور مٹی ڈال کر بقایا کام کو روک لیا جس کے باعث گاڑیوں کے گزرتے ہی سڑکوں پر اس قدر دھول اور گرد و غبار ہو جاتا ہے کہ آس پاس کے گھروں کے رہائشیوں کیساتھ کیساتھ عام راہ گیروں اور گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں پر سفر کرنے والے دھول سے اٹ جاتے ہیں جبکہ سڑکوں سے اٹھنے والی دھول کے باعث آس پاس کے گھروں میں قیمتی سامان بھی خراب ہو رہا ہے۔
سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو نہ ہونے کے باعث سڑک سے اٹھنے والی دھول اور گرد و غبار لوگوں کو سانس کی بیماریوں میں مبتلا کر رہی ہے عوام علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار سڑک پر مٹی اور خاکہ ڈال کرغائب ہو گئے ہیں اور ان کی طرف سے سڑکوں پر پانی کے چھڑکائو نہ ہونے کے باعث عوام علاقہ کی زندگیاں عذاب بن گئیں ہیں عوام علاقہ اور مسافروں نے محکمہ شاہرات کے اعلیٰ حکام اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ بھمبر برنالہ اور بھمبر سماہنی روڈ کو بنانے والے ٹھیکیداروں کو سڑکوں پر پانی کے چھڑکائو اور جلد از جلد مرمت کر کے تارکول ڈالنے کا پابند بنایا جائے تا کہ دھول اور گرد و غبار سے بے حال عوام سکھ اور چین کی زندگی جی سکیں۔