بھمبر میرپور روڈ پر حالیہ بارشوں کے بعد مٹی اور پتھر وں کے ڈھیر سڑک پر جمع ہو گئے

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھمبر میونسپل کمیٹی کی حدود میں میرپور روڈ پر حالیہ بارشوں کے بعد مٹی اور پتھر وں کے ڈھیر سڑک پر جمع ہو گئے جبکہ کناروں پر بنے نالے بند ہونے کے باعث بارشوں اور قریبی آبادیوں کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہو کر بڑے جوہڑوں کی شکل اختیار کر گیا ہے جس سے لاکھون روپے سے تعمیر ہونے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہو گئی ہے بلدیہ کی حدود میں محکمہ شاہرات کی طرف سے مٹی ،پتھر نہ اٹھانے اور سڑکوں پر کھڑے پانی کی نکاسی کیلئے مناسب بندوبست نہ کرنے پر عوام علاقہ اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے تفصیلات کیمطابق بھمبر میں میونسپل کمیٹی کی حدود میں میرپور روڈ پر کھمب ،رشید ٹاؤن اور لوئر سیرلہ میں بارش کے باعث قریبی پہاڑیوں اور نالوں سے مٹی اور پتھر وں کی بڑی تعداد سڑک پر پھیل گئی ہے۔

جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل کیساتھ ساتھ اڑنے والی دھول اور مٹی سے قریبی آبادیون کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامناہے جبکہ سڑک کے کئی ایک حصوں پرپانی کی نکاسی کے نالے بند ہوجانے کے باعث بارشوں اور قریبی آبادیوں کا پانی سڑک پر جمع ہو کر بڑے جوہڑوں کی شکل اختیار کر گیا ہے کئی کئی فٹ کھڑے پانی کے باعث لاکھوں روپے سے تعمیر ہونے والی سڑک تباہ و برباد ہو رہی ہے سڑک پر سے روزانہ انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کے گزرنے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا شہریوں اور متاثرہ علاقوں کے رہائیشیوں نے محکمہ شاہرات کی مجرمانہ غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔