بھمبر کی خبریں 27-1-2013
Posted on January 27, 2013 By Zain Webmaster سٹی نیوز
8 ماہ قبل بھمبر سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہونے والے محمد اختر کے بچوں کا کشمیر پریس کلب کے باہر مظاہرہ ہمارے والد کو بازیاب کرایا جائے
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)8 ماہ قبل بھمبر سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہونے والے محمد اختر کے بچوں کا کشمیر پریس کلب کے باہر مظاہرہ ہمارے والد کو بازیاب کرایا جائے صدر پاکستان ،وزیر اعظم پاکستان ،چیف آف آرمی سٹاف ،چیف جسٹس سپریم کورٹ ،صدر آزادکشمیر ،وزیر اعظم آزادکشمیر ،چیف جسٹس آزادکشمیر نوٹس لیںبچوں کا مطالبہ تفصیلات کیمطابق پر سرارطور پر لاپتہ ہوجانے والے بھمبر رجانی کے رہائشی محمد اختر کی گمشدگی کے آٹھ ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی سراغ نہ لگ سکا گزشتہ روز محمد اختر کی بچیوں مشعل اختر،عروج اختر ،فریال اختر نے اپنے دیگر 2 چھوٹی بہنوں اور پانچ سالہ معذور بھائی کے ہمراہ کشمیر پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ہماری والدہ قتل ہوئیں اور 8 ماہ قبل ہمارے والد کو مقتدر قوتوں نے غائب کروادیا ہمارے سر سے پہلے ہی والدہ کا سایہ اٹھ چکا تھا اور اب والد لاپتہ ہوجانے سے ہم لاوارث ہو گئے ہیں اس موقع پر مشعل اختر نے بتایا کہ میں اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہوں اورابھی پڑھ رہی ہوں باقی میری 4چھوٹی چھوٹی بہنیں اور1پانچ سال کا بھائی جو ذہنی معذور ہے کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہیں اور گزشتہ7ماہ سے مکان کا کرایہ بھی ادا نہیں کر سکے رشتہ داروںکی طرف سے کچھ مالی مددمل جاتی ہے لیکن والدین کی کمی نے ہمیں مرنے پر مجبور کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ اگر حکومت ہماری مدد کرے تو ہمارے والد ہمیں مل سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا صدر پاکستان ،وزیر اعظم پاکستان ،چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان ،چیف آف آرمی سٹاف ، صدر آزادکشمیر ، وزیر اعظم آزادکشمیر اور چیف جسٹس آزادکشمیر سے مطالبہ ہے کہ ہمارے والد کو بازیاب کرانے میں ہماری مدد کی جائے انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے والد کو بازیاب نہ کرایا گیا تو ہم پانچوں بہنیں معذور بھائی کے ہمراہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کرینگے اس موقع پر گمشدہ محمد اختر کے بھائی محمد اظہر نے کہاکہ ہمارے بھائی کو مقتدر قوتوں نے غائب کروایا ہے ہمیں بھائی کی گمشدگی کی آواز اٹھانے پر ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے اگر میری یا میرے خاندان کے کسی فرد کو کوئی نقصان پہنچا تو مقتدر قوتیں اس کی ذمہ دار ہوںگی انہوں نے کہاکہ صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان،چیف آف آرمی سٹاف نوٹس لیں اور میرے بھائی کو بازیاب کرواکر ہمیں انصاف دیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر میں کم سن ڈرائیوروںکی بھرمار حادثات روز کا معمول کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئی ٹریفک پولیس مال بناؤ مہم میں مصروف
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)بھمبر میں کم سن ڈرائیوروںکی بھرمار حادثات روز کا معمول کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئی ٹریفک پولیس مال بناؤ مہم میں مصروف عوام الناس کا ڈپٹی کمشنر بھمبر اور ایس ایس پی بھمبر سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کیمطابق بھمبر شہر اور اس کے گردنواح میں کم سن ڈرائیوروںکی بھرمارچھوٹے چھوٹے بچے سارا سارا دن موٹر سائیکل ،کاریں سڑکوں پر گھوماتے نظر آتے ہیں ان میں ایسے بچے بھی شامل ہیں جن کے پاؤں بڑی مشکل سے بریک تک پہنچتے ہیں کم عمر اور نا تجربہ کار ی کی وجہ سے آئے روز بھمبر شہر اور گردونواح میں حادثات معمول بنتے جارہے ہیں جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ دوسری طرف ٹریفک پولیس کم سن بچوں کو ڈرائیونگ سے روکنے اور حادثات کو کنٹرول کرنے کی بجائے اپنی مال بناؤ مہم میں مصروف نظر آتے ہیں جتنے زیادہ چالان ہونگے اتنا زیادہ کمیشن بنے گا ٹریفک پولیس میں تعینات پرانے کھلاڑی نئی ٹریفک پولیس کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جو ہر وقت منتھلی اور مال کماؤ مہم میں مصروف ہوتے ہیں بھمبر میں جتنی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ٹریفک پولیس انکی ذمہ دارہے جو اپنے فرائض میں غفلت اور کاتاہی برتتی ہیں جس سے حادثات رونما ہوتے ہیں بھمبر کے عوام الناس نے ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طیب اور ایس ایس پی سردار محمد الیاس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس میں موجود کالی بھیڑوںکا خاتمہ کرنے کیساتھ ساتھ بھمبر اور اس کے گردونواح میں کم سن بچوں کی ڈرائیونگ کی روک تھام اور حادثات سے بچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بھمبر کے الیکشن آخری مراحل میں داخل
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بھمبر کے الیکشن آخری مراحل میں داخل امیدواروں نے لنگوٹ کس لیے سجاد الحق اور محمد اسلم آسی پینل میں زبردست مقابلہ متوقع تفصیلات کیمطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بھمبر کے سالانہ انتخابات 30جنوری کو ہورہے ہیں الیکشن میں چوہدری سجاد الحق ایڈووکیٹ اور چوہدری محمد اسلم آسی ایڈووکیٹ کے پینل مد مقابل ہیں دونوں پینلز نے اپنی اپنی کامیابی کیلئے خوب دوڑ لگا رکھی ہے ایک ایک ووٹر کو ساتھ ملانے کی کوشش تیزی سے جاری ہیں چوہدری محمد اسلم آسی ایڈووکیٹ اور چوہدری سجاد الحق ایڈووکیٹ استاد شاگرد بھی ہیں چوہدری سجا دالحق کواس وقت چوہدری طارق فاروق گروپ ،چوہدری انوار الحق گروپ ،راجہ مظہر اقبال گروپ اور مرزا شفیق جرال گروپ کی حمایت حاصل ہے جس سے بظاہر انکی پوزیشن مستحکم دکھائی دیتی ہے جبکہ ان گروپوں میں چند وکلاء بڑوں کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور اپنے گروپوںکے امیدواروںکو ووٹ دینے کی بجائے محمد اسلم آسی پینل کوووٹ دینا چاہتے ہیں جس سے دونوںپینلوں کے درمیان زبردست مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے دونوں پینلز کے درمیان اپنی اپنی کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں دونوں پینلز کی الیکشن مہم بڑی تیزی کیساتھ جارہی ہے ایک ایک ووٹر پر خوب محنت کی جارہی ہے الیکشن میں کس پینل کو کامیابی حاصل ہو تی ہے البتہ ڈسٹرکٹ بار کے الیکشن نے بھمبر کے تمام سیاسی دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پرجمع کر دیا ہے جس سے بھمبر کے سیاسی ماحول میں بھی تلخی کم ہو گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک لاکھ سے زائد کشمیریوںکے قاتل ملک بھارت کو جمہوری اور سیکولر ملک کہلوانے کا کوئی حق نہیں ، ڈاکٹر محمد امتیاز چوہدری
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایک لاکھ سے زائد کشمیریوںکے قاتل ملک بھارت کو جمہوری اور سیکولر ملک کہلوانے کا کوئی حق نہیں بھارت دنیا میں جمہوریت کے نام پر بد نما داغ ہے بین الاقوامی دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے ان خیالات کااظہار پیپلزپارٹی کے راہنما کوآرڈینیٹر وزیر اعظم آزادکشمیر برائے اٹلی ڈاکٹر محمد امتیاز چوہدری آف سوکاسن نے یوم سیاہ کے موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارت دنیا میں سب سے بڑی جمہوری اور سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہاہے کشمیریوں کوان کا پیدائشی بنیادی حق حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کررہا ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دبانے کیلئے اب تک بھارت ایک لاکھ سے زائد کشمیریوںکو شہید کر چکا ہے جبکہ لاکھوں ماؤں بہنوںکی عصمت دری کر چکا ہے لاکھوں لوگوںکو جیلوں میں قید کر رکھا ہے جو بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کے منہ سے طمانچہ ہے اقوام متحدہ بھی مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے انہوں نے کہاکہ لاکھوں کشمیریوں کے قاتل کو جمہوری ملک کہنا ظلم و زیادتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارت نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ نہیں یوم استعماریہ منایا ، ڈاکٹر اعجاز کشمیری
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھارت نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ نہیں یوم استعماریہ منایا ہے کشمیر میں کشمیریوں کی مرضی و منشاء کے خلاف سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی بھارتی استعماریت کا واضح ثبوت ہے ۔ بھارتی فوج کی موجودگی کے خلاف کشمیریوں کی عوامی جدوجہد بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویٰ کا پول کھولنے کے لئے کافی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر فریڈم موومنٹ کے نوجوان رہنما ڈاکٹر اعجاز کشمیری نے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر میں قراردادیں ایسی ڈسک ہیں جن میں بین الاقوامی قوانین کی بھارتی خلاف ورزیاں محفوظ ہیں ۔ سچ کو دبا یا جا سکتا ہے لیکن ختم نہیں اب وقت آگیا ہے کہ عالمی بدمعاش عالمی قوانین کے نرغے میں آخر تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں امریکی ڈرون حملوں پر اقوام متحدہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اسرائیلی جارحیت کے باوجود فلسطین کو اقوام متحدہ میں مبصر ریاست کا درجہ مل چکا ہے بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں پر بھی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے ۔ ہم نے عالمی اداروں کو جانبدار سمجھ کر بہت وقت ضائع کیا اور متصادم چلتے رہے لیکن اب عوامی شعور کے سامنے بندھ نہیں باندھا جا سکتا انہوں نے مزید کہا کہ دنیا جانتی ہے مسئلہ کشمیر کا خالق کون ہے کون اسے اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور پھر کس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی کی ۔ اصول یہی ہے کہ جس نے رائے عامہ ہموار کرلی دنیا اس کا ساتھ دیتی ہے ہمیں بھی بین الاقوامی اداروں میں اپنی موجودگی کا فائدہ اٹھانا چاہئے اور یوم جمہوریہ منانے والوں کو بے نقاب کرنا چاہئے ۔