بیداریٔ امت کیلئے گھر گھر محافلِ میلاد کا انعقاد ضروری ہے۔ علامہ اشفاق صابری

اسلام آباد(جی پی آئی)ادارہ صراط مستقیم کے رہنماعلامہ اشفاق احمد صابری نے کہا ہے کہ بیداری ٔامت کیلئے گھر گھر جشن عید میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد ضروری ہے۔ عید میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا تقاضہ ہے کہ احترام انسانیت کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔

رسول کائنات کی ذات تمام انسانیت کیلئے رحمت ہے عید میلاد النبیۖ صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام انسانوں بلکہ تما م جہانوں کیلئے برکتوں ،رحمتوں ، عظمتوں اور سعادتوں کا باعث ہے۔ ماہِ ربیع الاول کا اولین تقاضہ ہے کہ مذہبی رواداری احترام انسانیت کے جذ بے کو فروغ دیا جائے ۔نبی پاک صاحب لولاک کی اس دنیا میں تشریف آوری خوشیاں منانے کے ساتھ اپنے آقا کی ولادت با سعادت کی برکات کے حصول کیلئے اپنے گھروں ،دفاتراور محلوں میں محافل میلادالنبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا انعقاد کریں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ خیرالنساء ضیاء البنات فضل ٹائون میں چراغاں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی ذات تمام بنی نواع انسان کے لئے مشعل راہ ہے آپصلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے وہ بلند مقام عطا فرمایا اور اس شان عظمت کے ساتھ دنیامیں مبعوث فرمایا جس کا کوئی ثانی نہیں آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آپ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر حقیقت میں خود بھی عمل پیرا ہوں اور دوسروں کو بھی اس کی دعوت دیں تاکہ ہمارا معاشرہ حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام تر اختلاف بھلا کر عشق مصطفی کا پرچم سر بلند رکھنے کے لیے متحد ہو جائے۔عالمِ اسلام جشن میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کے موقع پر اسلامی بلاک بنا کر عظمت رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی پاسبانی کا فریضہ سر انجام دے۔