وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بیسویں آئینی ترمیم متفقہ طریقے سے منظور کرائیں گے ۔ کوئی چیزایوان پرنہیں ٹھونسیں گے۔ وزیراعظم اتحادی جماعتوں کیارکان کے اعزازمیں دئے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔ جبکہ چوہدری شجاعت نے بیسویں ترمیم پر حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے حوالے سے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے رابطہ ہوگیا ہے دیگراتحادی جماعتوں سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں سب اتحادیوں کی مشاورت سے معاملات چلائے جائیں گے۔ ان کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت مفاہمت کی سیاست پر بھرپور یقین رکھتی ہے۔ کسی بھی قومی معاملے پر اتحادیوں سے مشاورت لینے کے بعد فیصلے کیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے حکومت کو بیسویں آئینی ترمیم پر اپنی جماعت کی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا ہے۔ یہ بات چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ایک ملاقات میں کہی۔ وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور مسلم لیگ ق کے درمیان اتحاد برقرار رہے گا۔ اس سے جمہوریت اور جمہوری ادارے مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ق لیگ اہم اتحادی جماعت ہے اور حکومت تمام معاملات مفاہمت اور مشاورت سے طے کرے گی۔ اس سے قبل چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدات چوہدری شجاعت حسین نے کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔