بیکری ملازم تشدد کیس میں وزیراعلی پنجاب کے داماد علی عمران کو گرفتار کر کے تھانہ ڈیفنس کی حوالات میں بند کر دیا گیا ، انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا بیکری ملازم پر تشدد کے کیس میں وزیر اعلی پنجاب کے داماد علی عمران اپنے سسر میاں شہباز شریف کی ہدایت پر شام کے وقت لاہور کے تھانہ ڈیفنس بھی پہنچے جہاں ابتدائی بیان میں علی عمران نے بتایا کہ بیکری ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ان کے ملازم تھے۔
تاہم پولیس نے علی عمران کو اعانت جرم کی دفعہ 109 کے تحت گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ علی عمران کی گرفتاری کی اطلاع کے بعد ان کے وکیل بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور ان سے قانونی صلاح مشورہ کیا۔ ذرائع کے مطابق علی عمران کو جمعرات کو کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ سکندر جاوید کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس عدالت سے علی عمران کا ریمانڈ طلب کرے گی۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ، تشدد کیس میں قانون کے تقاضے پورے کیے گئے ہیں اور انھو ں نے اپنے داماد کو خود شامل تفتیش ہونے کا کہا تھا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قانون و انصاف کی حکمرانی یقینی نہ بنانے والے معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں۔ انھو ں نے زندگی بھر انصاف کی فوری فراہمی کے لئے جدوجہد کی ہے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو قانون کے مطابق انصاف ملے۔