بھارت کی حکمران جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈوں اور وزیراعظم منموہن سنگھ کے استعفے کے مطالبے کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی پارلیمنٹ کو یرغمال بنا کر ایسے تاوان کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کانگریس کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا احترام اپوزیشن جماعت کی ذمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن اپنی اس ذمہ داری سے نالاں ہے اور وہ مسلسل پارلیمنٹ کی عزت وتوقیر پامال کررہی ہے۔ پارلیمنٹ کو اپوزیشن نے اپنے لئے تاوان وصول کرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت الزامات اسی کا وطیرہ بن چکا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے پارلیمنٹ کا کوئی بھی کام نہیں کرنے دیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ ان کی جماعت اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور پارلیمنٹ کو کسی صورت یرغمال نہیں ہونے دیا جائیگا۔