بے نظیر قتل کیس : ایف آئی اے کے چالان میں پرویز مشرف ملزم قرار

Benazir Murder Case

Benazir Murder Case

اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایف آئی اے نے بے نظیر قتل کیس کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔ چالان میں پرویز مشرف کو قصور وار قرار دیا گیا ہے اور آئندہ سماعت پر عدالت میں طلب کر لیا ہے۔ راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بے نظیر قتل کیس کی سماعت جج حبیب الرحمان نے کی۔ ایف آئی اے کے پیش کردہ چالان کے مطابق امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان کی روشنی میں پرویز مشرف کو ملزم قراردیا ہے اور بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش میں ملوث ہیں۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر سیکیورٹی خدشات کے باعث عدالت پیش نہ ہو سکے۔ سی پی او کی جانب سے عدالت میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹر کوایئر پورٹ سے عدالت تک مکمل سیکیورٹی دے جا سکتی ہے مگر 24 گھنٹے کی سیکیورٹی دینا ممکن نہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوٹر کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پرویز مشرف کی آج کے دن کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست پر فیصلہ آئندہ سماعت پر کیا جائے گا اور مقدمے کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔ مزید سماعت 2 جولائی کو ہو گی۔