وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کارکنوں کی قربانیاں دینے کا دور ختم ہوگیا آئندہ قربانیاں لیڈر دیا کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تاریخ میں زندہ رہنا چاہتے ہیں ۔ جڑانوالہ میں تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب وہ جیل میں تھے تو انہیں کئی بار کہا گیا کہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف اب ملک میں واپس نہیں آئینگے۔ جیلوں میں سڑنے کی ضرورت نہیں اقتدار لے لیں لیکن ہم نے ہمیشہ عوام کی طاقت سے اقتدار حاصل کرنے کو ہی اولیت دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار کی خاطرکسی کے جھانسے میں نہیں آئے۔ کئی مشکلات آئیں لیکن عوام کو نہیں چھوڑا، حکومت کے اندر ہوں یا باہر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ۔ پاکستان میں انقلاب صرف ذوالفقار اور بینظیربھٹو لائے۔ روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ انقلاب ہی ہے۔