رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران ملک کے تجارتی خسارے میں 6.79 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی،گذشتہ مالی سال کی نسبت رواں سال تجارتی خسارہ 6.44 ارب ڈالر تھا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے دوران ملکی برآمدات میں 4.98 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات 7.81 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 8.20 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب مجموعی ملکی درآمدات میں 0.54 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور گذشتہ مالی سال کے جولائی تا اکتوبر کی مجموعی درآمدات 14.72 ارب ڈالر کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کم ہو کر 14.64 ارب ڈالر ہوگئیں۔ برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کی وجہ سے پاکستان کے تجارتی خسارے میں 6.79 فیصد کمی ہوئی ہے۔