تحریک انصاف غریبوں کی آواز بن کر ایک انقلابی شکل اختیار کر چکی ہے ، زاہد حسین ککرالی
Posted on February 11, 2012 By Geo Urdu گجرات
لالہ موسیٰ (جی پی آئی) تحریک انصاف کے راہنما اور حلقہ این اے 107سے تحریک انصاف کے متوقع امیدوار قومی اسمبلی چوہدری زاہد حسین ککرالی نے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اب غریبوں ، مظلوموں کی آواز بن کر ایک انقلابی شکل اختیار کر چکی ہے ، اس کا راستہ روکنا اب پیپلز پارٹی یا ن لیگ کے بس کی بات نہیں ، انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے ، عوام جوق در جوق تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں ، انہوںنے کہا کہ پارٹی کسی فرد کو شامل ہونے سے نہیں روکے گی ، تاہم آئندہ پارٹی امیدواروں کا فیصلہ انتخابی کمیٹی کرے گی ، جو بے داغ ماضی کے حامل افراد کو مقابلے کے لئے میدان میں اتارے گی ، انہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ق لیگ اور مشرف کی باقیات تحریک انصاف میں شامل ہو رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ جو بھی شامل ہو رہا ہے ، وہ عمران خان کے نظریے اور فلسفے کو قبول کرنے کے بعدشامل ہو رہا ہے ، انہوں نے اپنے حلقہ این اے 107سے الیکشن لڑنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ امیدوار بنانا پارٹی کا کام ہے ، ہم تو ایک ادنی ورکر کی حیثیت سے عمران خان کے سپاہی کی حیثیت سے اس وقت سے تحریک انصاف کیلئے کام کر رہے ہیں ، جب لوگ اسے پارٹی تسلیم کرنے کے لئے بھی تیار نہ تھے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حلقہ این اے 107کا میرے ساتھ اس وقت تفصیلی دورہ کیا تھا ، جب ضلع گجرات میں تحریک انصاف کے چار پانچ سے زیادہ ممبر نہیں تھے ، انہوں نے تو میرے گھر پر قیام کرکے مجھے جو عزت بخشی وہ میری زندگی کا اثاثہ ہے ، انہوںنے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے لئے ہر قربانی دیں گے ۔