اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اور ان کے ساتھی تاریخ کا حصہ بن چکے، تحریک انصاف کسی بدعنوان سے اتحاد نہیں کرے گی، کرکٹ کرپشن کیس کے فیصلے سے دوسروں کو سبق حاصل کرنا چاہیے۔ چین کے دورہ سے واپسی پر بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار شریف فیملی کی نوکری ختم کریں، ملک کا سوچیں اور اپنے خاندان کو پاکستان کی شہریت دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کرپٹ سیاستدان کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کرپشن کیس کے فیصلے سے دوسرے کھلاڑیوں عبرت پکڑیں تو یہ پاکستانی کرکٹ کیلئے بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس پر کرپشن کا تھوڑا سا بھی شک ہو اسے ٹیم سے نکال دینا چاہیے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جہاں جرم میں نفع ہو تو سب متاثر ہو سکتے ہیں۔ عامر نوجوان ہے، اس کی سزا پر افسوس ہوا۔ اگر پندرہ سال پہلے کچھ کر لیا جاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔