کراچی :(جیو ڈیسک) تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان نے کہا ہے کہ ہزارہ صوبے کی تحریک پیش کرنے پر وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ نئے صوبوں کے قیام سے ملک مستحکم اور مسائل کم ہوں گے۔کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچنے پر تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ بابا حیدرزمان نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی۔ الطاف حسین نے بابا حیدر زمان کی ہمت اور ثابت قدمی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یعقین دلایا ۔
میڈیا سے بات چیت میں بابا حیدرزمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے مظلوموں کی ترجمان کی ہزارہ صوبہ وقت کی آواز ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہزارہ صوبے کا قیام بنیادی حقوق بحال کرے گا ہزارہ کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کل کراچی میں ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے ہونے والا جلسے سے بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ناکام ہوگی ۔ ایم کیو ایم نے ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے کل کراچی کے علاقے کالا پل پر ہونے والے جلسے میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔