ترکی (جیوڈیسک)جنوب مشرقی ترکی میں ایک بم دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔یہ طاقتور بم دھماکہ صوبہ تنسیلی کے وسط میں ہوا جس سے ایک پولیس گاڑی تباہ ہو گئی۔ زرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے مقامی مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ بم دھماکہ کس نے کیا اور نہ ہی فوری طور پر کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
یہ دھماکہ کرد باغیوں کے حملوں میں اضافے کے بعد ہوا ہے۔ ان حملوں میں جنوب مشرق میں ترکی کی سکیورٹی فورسز کونشانہ بنایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں اس علاقے میں مکمل پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔ پی کے کے جسے ترکی اور بیشتر بین الاقوامی برادری دہشت پسند گروپ خیال کرتی ہے 1984 میں جنوب مشرق میں ہتھیار اٹھا لئے جس کی وجہ سے شروع ہونیوالے تنازعہ میں 45 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔