پاکستان نے سنہ دو ہزار سات میں آخری مرتبہ بھارت کا دورہ کیا تھا
بھارت اور پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے لیے لمبے انتظار کے بعد اچھی خبر ہے۔ بھارتی حکومت نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے دورے کی اجازت دیدی ہے۔ اب دونوں ملک دسمبر اور جنوری میں ایک مختصر سیریز کھیلیں گے لیکن ابھی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
پاکستان نے آخری مرتبہ سنہ دو ہزار سات میں بھارت کا دورہ کیا تھا لیکن نومبر دو ہزار آٹھ میں ممبئی پر حملے کے بعد کرکٹ کے رشتے بھی منقطع کر دیے گئے تھے۔ تب سے کئی مرتبہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں تو دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوئے لیکن باہمی سیریز نہیں ہوئی۔
منگل کو دلی میں وزارت داخلہ کے اعلی اہلکاروں سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ یہ سیریز سات جنوری تک کھیلی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے اہلکاروں سے سکیورٹی کے معاملات اور اس بارے میں بات چیت ہوئی کہ میچ کن کن شہروں میں ہوں گے اور کیا کیا تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے۔
وزارت داخلہ کا پورا تعاون مل رہا ہے اور بہت اچھا دورہ ہوگا جو دسمبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوگا اور سات جنوری تک جاری رہے گا۔ میچ دلی، کلکتہ، چنئی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔
فی الحال انگلینڈ کی ٹیم بھارت کا دورہ کر رہی لیکن وہ کرسمس منانے کے لیے بائیس دسمبر کو واپس چلی جائے گی اور پھر دورہ پورا کرنے کے لیے گیارہ جنوری کو لوٹیگی۔